اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت کو ایک ہفتے کیلئے تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف توہین مذہب مقدمات میں کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف توہین مذہب مقدمات کے اندراج کیخلاف فواد چودھری کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چھٹی ہونے کے باوجود آج ہی سماعت کی اور حکومت کو حکم جاری کیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف اگلے سوموار کے روز تک مزید کوئی کارروائی نہ کی جائے ساتھ ہی چیف جسٹس نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو بھی ہدایت کی ہے کہ قومی اسمبلی کے ارکان کیخلاف کارروائی سے متعلق کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے تمام رہنما الیکشن کمیشن کی جانب سے استعفی قبول نہ ہونے کی وجہ سے تاحال قومی اسمبلی کے ممبر ہیں اسی لیے چیف جسٹس نے سپیکر قومی اسمبلی کو کردار اد ا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔